کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے آن لائن دھوکہ دہی اور مشکوک پیغامات سے صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئے سیکیورٹی فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے تحت صارفین کو ممکنہ فراڈ سے متعلق پیشگی خبردار کیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق "اسکام الرٹ" نامی یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں موجود ہے۔ اس کا مقصد ایسے پیغامات کی نشاندہی کرنا ہے جو نامعلوم نمبرز یا غیر محفوظ روابط سے موصول ہوں، تاکہ صارفین ان کے بارے میں زیادہ محتاط فیصلہ کر سکیں۔
نئے نظام کے تحت واٹس ایپ کسی مشتبہ پیغام کو خودکار طور پر حذف یا بلاک نہیں کرے گا، بلکہ چیٹ ونڈو میں انتباہی معلومات فراہم کرے گا۔ اس کے بعد صارفین اپنی صوابدید کے مطابق متعلقہ نمبر کو بلاک، رپورٹ یا اس سے گفتگو جاری رکھ سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کا بنیادی ہدف صارفین کو فراڈ کی ممکنہ کوششوں سے بروقت آگاہ کرنا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق مشتبہ سرگرمیوں کا جائزہ صارف کے موبائل فون پر ہی لیا جائے گا اور کسی بھی پیغام کا مواد کمپنی کے سرورز تک نہیں پہنچے گا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا نظام متاثر نہیں ہوگا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ واٹس ایپ ماضی میں بھی وائس میسج ٹرانسکرپشن جیسی سہولتوں کے لیے ڈیوائس پر ہی کام کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کر چکا ہے۔ کمپنی مقامی سطح پر ایکٹیویٹی لاگز کے نظام پر بھی کام کر رہی ہے، جہاں ایسے الرٹس کا ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے گا۔
فی الحال یہ فیچر اختیاری ہوگا اور ازخود فعال نہیں ہوگا۔ صارفین کو اسے دستی طور پر آن کرنا پڑے گا۔ چونکہ یہ سہولت ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے اس کی عام صارفین کے لیے دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔