یہودی اداروں کو دھمکیاں دینے کا الزام، ایک شخص گرفتار

یہودی اداروں کو دھمکیاں دینے کا الزام، ایک شخص گرفتار

سینٹ لوئس: امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے حال ہی میں کم ازکم آٹھ یہودی کمیونٹی سینٹرز کو بم کی دھمکیاں دی تھیں۔ محکمہ انصاف نے میسوری ریاست کے شہر سینٹ لوئس کے 31 سالہ جوان تھامپسن پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو ہراساں کرنے کے لیے بھی دھمکی آمیز فون کالز کیں۔

محکمہ انصاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ تھامپسن نے اس خاتون کو ملوث کرنے کی کوشش میں کئی دھمکیاں اس کے نام سے بھی دیں۔ نیویارک میں موجود امریکی اٹارنی پریت بہارارا نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہم نے تھامپسن پر فرد جرم عائد کی ہے جس نے مبینہ طور پر اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو تنگ کرنے اور اس کی نام پر یہودی کمیونٹی سینٹرز اور یہودی تنظیم اینٹی ڈیفیمیشن لیگ یا ہتکِ عزت مخالف لیگ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دیں۔

تھامپسن کی طرف سے مبینہ طور پر دی گئی دھمکیاں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تقریباً ایک سو یہودی اداروں کو دی گئی دھمکیوں کی ایک کڑی تھی۔ ان دھمکیوں کی وجہ سے کئی سینٹرز کو خالی کرنا پڑا اور یہودی کمیونٹی کے کئی افراد میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں