سعودی عرب میں 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگادی گئی

سعودی عرب میں 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگادی گئی
کیپشن: سعودی عرب میں 10 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگادی گئی
سورس: file

ریاض : سعودی عرب میں 10 لاکھ سے زائد شہریوں  کورونا  ویکسین  لگائی جا چکی ہے۔۔سعودی وزارتِ صحت کے مطابق ملک بھر میں ویکسین لگانے کے لیے 405مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں تمام اہل افراد کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔

قبل ازیں سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مملکت بھر میں دواخانوں (فارمیسیوں) میں کرونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے العربیہ ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ شہریوں کی ویکسین تک رسائی آسان بنانے اور ویکسی نیشن کی مہم کو مربوط بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے گذشتہ ہفتے یہ اطلاع دی تھی کہ اس مہم کے حصے کے طور پر بعض جامعات میں بھی ویکسین لگانے کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔وہاں جامعات کے فیکلٹی ارکان اور ان کے خاندانوں کے افراد کے علاوہ عام لوگوں کے لیےکووِڈ-19 کی ویکسین دستیاب ہوگی۔

تاہم سعودی وزارت صحت کے منظورشدہ الیکٹرانک نظام کے مطابق ترجیحی عمر کے گروپوں کو پہلے ویکسین لگائی جارہی ہے۔ویکسین لگوانے کے خواہاں سعودی شہریوں کے پاس کارآمد قومی شناختی کارڈ اور تارکین وطن کے پاس کارآمد اقامے ہونے چاہییں۔ایسے اہل افراد وزارتِ صحت کی ’صحتی ایپ‘ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں۔

سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  کورونا کے 331 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ 351 مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔اس طرح ملک میں اب تک کووِڈ-19 کی وبا پھیلنے کے بعد 378333 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے 369277 مریض تن درست ہوچکے ہیں جبکہ 6510 مریض وفات پا چکے ہیں۔