لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب بھر میں 32 مقدمات درج ہونے کی تفصیلات لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق ندیم کی سربراہی میں چوہدری پرویز الٰہی کی کیسز کی تفصیلات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ پنجاب پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز الٰہی پر پنجاب بھر میں 32 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے رپورٹ وصول کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس داخل دفتر کیا جاتا ہے، لیکن پرویز الہیٰ کے وکیل نے درخواست کی کہ انہیں رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے کچھ وقت دیا جائے کیونکہ رپورٹ میں بعض متضاد معلومات موجود ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں حکومت سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں اور حکومتی ادارے ان مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے ان کے گرفتار ہونے کا خدشہ ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ تمام مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب، اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں چوہدری پرویز الہیٰ اور دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پرویز الہیٰ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔