لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس میں پنجاب میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیل سے غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خدشات اور درپیش سکیورٹی چیلنجز پر بھی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کریں گے اور صوبے میں سکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ پیش کیا جائے گا۔ اس میں حساس مقامات کی حفاظت، انٹیلی جنس امور اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی جائے گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور پنجاب میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات پر غور کیا جائے گا۔