لاہور : 4 مئی کو دنیا بھر میں ان فائر فائٹرز کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جو آگ بجھانے اور لوگوں کی جان و مال بچانے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ اس دن کو منانے کا آغاز 1999 میں ہوا، جب آسٹریلیا میں ایک جنگلاتی آگ کے دوران پانچ فائر فائٹرز جان بحق ہو گئے۔ ان کی قربانی کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے یہ دن مقرر کیا گیا۔
فائر فائٹرز ڈے منانے کا مقصد نہ صرف ان بہادر افراد کی خدمات کو سراہنا ہے بلکہ ان کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دینا بھی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں فائر فائٹرز کو اب بھی وہ تربیت، وسائل اور عزت نہیں مل سکی جس کے وہ حقیقی معنوں میں حقدار ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف سرکاری و نجی ادارے سیمینارز، آگاہی پروگرامز اور تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ان ہیروز کی قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکے اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔