Get Alerts

وزیر داخلہ محسن نقوی کی عمانی ہم منصب سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش

وزیر داخلہ محسن نقوی کی عمانی ہم منصب سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش

مسقط : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی، جس دوران پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی الزامات کی سیاست کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور پاکستان کا مؤقف یہ ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان مؤثر اور مضبوط جواب دے گا۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہمیشہ پرامن ملک رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہش مند ہے۔

محسن نقوی نے عمان کے بین الاقوامی سطح پر امن کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ عمان کا کردار امن کی بحالی میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔


اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی مزید ترقی کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان میں پاکستانیوں کو ویزا کے حصول میں مشکلات، منشیات کی روک تھام، سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پولیس کی تربیت، اور کوسٹل گارڈز کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے کی تجویز دی۔ دونوں ممالک نے اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے عمان کے سلطان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے عید کے موقع پر عمان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے معافی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عمانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کار مزید بڑھایا جائے گا۔


محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کی دوستی بھائیوں اور ہمسایوں کی مانند ہے، اور ان کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے دونوں ممالک مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔

عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات نہایت برادرانہ اور تاریخی ہیں، اور ان کے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ملاقات میں عمان کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام اور پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری بھی موجود تھے۔

ٹیگز: