بشکیک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ایک اور ملاقات کی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک میں موجود ہیں، جہاں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی بھی شریک ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں وزرائے داخلہ کی ملاقات اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایک اور ملاقات pic.twitter.com/LTy1t7QkMT
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) June 4, 2026
شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ کا اجلاس 4 سے 6 جون تک جاری رہے گا، جس میں رکن ممالک کے نمائندے مختلف علاقائی اور سیکیورٹی امور پر گفتگو کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان متعدد اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔