تہران:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اہم ترین امن مشن پر ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا بنیادی مرکز خطے کی موجودہ نازک صورتحال اور امریکا ایران مذاکرات پر مشاورت تھا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ایرانی سپریم لیڈر کے لیے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی اور انتہائی اہم سفارتی خط لے کر آئے ہیں۔ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا و ایران کے مابین تنازعات کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے مصالحت کارانہ کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاک ایران سرحدوں کو "امن کی سرحد" بنانے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے اور انٹیلیجنس شیئرنگ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے کارگر ہتھیار ہیں۔ سفارتی حلقوں کے مطابق، وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کو بھیجا گیا یہ مشترکہ خط خطے میں ممکنہ جنگ کے بادلوں کو چھانٹنے اور امن قائم کرنے کی کوششوں میں ایک سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔