لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
کراچی کنگز کو حالیہ دنوں میں انجری مسائل کا سامنا رہا، جس کے باعث اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ باؤلر فواد علی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث آئندہ چند میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
ان کی جگہ کنگز نے شاہنواز ڈاہانی کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ وہ ایڈم ملن کی جگہ کھیلیں گے، جو گھٹنے کی انجری کے سبب پہلے ہی پی ایس ایل 10 سے باہر ہو چکے ہیں۔ ڈاہانی ماضی میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 27 میچوں میں 39 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
مزید برآں، ابھرتے ہوئے کیٹیگری میں فواد کی جگہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سعد بیگ کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے اس سیزن کے دو میچوں میں شاندار کارکردگی دکھائی، خاص طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایک جارحانہ اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کراچی کنگز سات میچوں میں چار فتوحات اور تین شکستوں کے ساتھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، جبکہ لاہور قلندرز آٹھ میچوں میں چار فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پچھلے مقابلے میں لاہور قلندرز نے کراچی کو 85 رنز سے شکست دی تھی۔
کراچی کنگز کو اپنے آخری میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف 87 رنز کی فتح سے حوصلہ ملا ہے، جبکہ لاہور قلندرز بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے کر شاندار فارم میں ہیں۔ تاہم، ان کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف یکم مئی کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
لاہور کی بیٹنگ لائن میں عبداللہ شفیق اور فخر زمان شاندار فارم میں ہیں، جبکہ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کو اپنے کپتان ڈیوڈ وارنر اور وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ سے امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ بیٹنگ میں ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کریں گے۔