تہران/اسلام آباد : خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی رنگ لے آئی ہے۔ ایران کی جانب سے پیش کردہ 14 نکاتی امن منصوبے پر امریکا نے اپنا باقاعدہ جواب پاکستان کے ذریعے تہران کو ارسال کر دیا ہے، جس کی تصدیق ایرانی وزارتِ خارجہ نے بھی کر دی ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کو امریکی جواب موصول ہو چکا ہے اور اس وقت ماہرین اس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔اسماعیل بقائی کے مطابق ایران کا 14 نکاتی منصوبہ خاص طور پر خطے میں جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن سے جڑا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر جاری مذاکرات اور ایرانی نکات میں جوہری پروگرام (Nuclear Talks) شامل نہیں ہیں، بلکہ تمام تر توجہ فوری طور پر جاری تنازعات کو ختم کرنے پر مرکوز ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ براہِ راست رابطے نہ ہونے کے باعث پاکستان اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان 'برج' (پل) کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایرانی تجاویز کا امریکی جواب پاکستان کے ذریعے پہنچنا اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک اسلام آباد کی ثالثی پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔