Get Alerts

روزانہ کافی پینا مزاج کیسے بدل دیتا ہے؟ نئی تحقیق نے راز کھول دیا

روزانہ کافی پینا مزاج کیسے بدل دیتا ہے؟ نئی تحقیق نے راز کھول دیا

ڈبلن: ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں مقبول ترین مشروب کافی نہ صرف صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ یہ انسانی جسم میں موجود معدے اور دماغ کے درمیان تعلق پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔

آئرلینڈ کی کورک یونیورسٹی کالج میں کی گئی اس تحقیق کے مطابق کافی کے باقاعدہ استعمال سے آنتوں (معدے) میں موجود مفید بیکٹیریا میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں، جو براہِ راست مزاج اور ذہنی کیفیت پر اثر ڈالتی ہیں۔

تحقیق میں 31 ایسے افراد شامل کیے گئے جو کافی پینے کے عادی تھے جبکہ 31 افراد ایسے تھے جو اس مشروب کا استعمال نہیں کرتے تھے۔ دونوں گروپوں کے طبی ٹیسٹ، غذائی عادات، کیفین کے استعمال اور جسمانی نمونوں (پیشاب و فضلہ) کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کافی نہ پینے والے افراد میں دو ہفتے تک اس مشروب سے دور رہنے کے بعد آنتوں کے بیکٹیریا میں تبدیلی آئی اور ان کے مزاج پر منفی اثرات دیکھے گئے۔ جبکہ دوبارہ کافی شروع کرنے پر ان کے مزاج میں بہتری آئی اور تناؤ، ڈپریشن اور اضطراب میں کمی محسوس کی گئی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ کافی سے سیکھنے کی صلاحیت اور یادداشت بہتر ہوتی ہے۔ آنتوں میں پائے جانے والے مخصوص بیکٹیریا جیسے Eggertella sp اور Cryptobacterium curtum کو بھی کافی کے استعمال سے منسلک پایا گیا، جو ہاضمے اور جسمانی مدافعت میں کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ تحقیق جرنل Nature Communications میں شائع ہوئی۔

اس سے قبل 2024 میں پرتگال کی Coimbra یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ روزانہ کافی پینے کی عادت اوسط عمر میں تقریباً 1.8 سال اضافہ کر سکتی ہے۔

اس تحقیق میں 50 مختلف سائنسی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ کافی کے استعمال سے دل کے امراض، فالج، ذیابیطس، بعض اقسام کے کینسر، ڈیمینشیا اور ڈپریشن جیسے مسائل کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کافی نہ صرف توانائی فراہم کرتی ہے بلکہ یہ مسلز کی صحت اور مدافعتی نظام کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
 
 
 

ٹیگز: