دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی بدترین کارکردگی، آسٹریلیا سے بھی ہار گیا

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی بدترین کارکردگی، آسٹریلیا سے بھی ہار گیا

احمد آباد : ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں آسٹریلیا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 33 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔ اسکے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام ہوگئی۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کےلیے 287 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 49ویں اوور میں 253 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 286 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین نے 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیمرون گرین نے 47، اسٹیو اسمتھ نے 44، مارکس اسٹوئنس نے 35 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں ایڈم زیمپا 29 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 286 تک پہنچایا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 وکٹیں لیں۔ مارک ووڈ اور عادل رشید نے دو دو جبکہ ڈیوڈ ویلے اور لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔دفاعی چیمپئن ٹیم ڈو اینڈ ڈائی میچ میں 287 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔ اور پوری ٹیم 253 رنز پر سمٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ ملان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ انکے علاوہ معین علی 42، کرس ووکس 32، عادل رشید نے 20 اور ڈیوڈ ویلے نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

یہ ورلڈکپ میچ میں انگلینڈ کی چھٹی شکست ہے۔ اسکے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن ٹیم ورلڈکپ سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام ہوگئی۔

کینگروز کی جانب سے ایڈم زیمپا نے 3 وکٹیں لیں۔ مچل اسٹارک، ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے دو دو آؤٹ کیے جبکہ ایک کھلاڑی کو مارکس اسٹوئنس نے میدان بدر کیا۔آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
 
 
 
 

مصنف کے بارے میں