اسلام آباد: حکومت نے 27 ویں آئینی ترمیم رواں ماہ منظور کرانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے۔ اس ترمیم کا مقصد وفاق کے اختیارات میں اضافہ کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق تجویز ہے کہ کمانڈ آف آرمڈ فورسز سے متعلق آئین کے آرٹیکل 243 میں ترمیم کی تجاویز بھی تیار کر لی گئی ہیں۔ اس آرٹیکل کے مطابق صدرِ مملکت وزیرِ اعظم کے مشورے سے مسلح افواج کے سربراہان کا تقرر کرتے ہیں، اور حکومت نے اس میں تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔
مجوزہ کے مطابق آئین کے آرٹیکل 160(3A) میں بھی ترمیم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے، جو نئے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے کی کم سے کم سطح کی وضاحت کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت یہ ترمیم اس لیے کر رہی ہے تاکہ صوبوں کے حصے میں کمی کی رکاوٹ دور کی جا سکے۔
حکومت کا مقصد آئین میں ترمیم کے ذریعے وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم اور دفاعی ذمہ داریوں کے حوالے سے توازن پیدا کرنا ہے تاکہ آئینی اور حکومتی اختیارات میں بہتری لائی جا سکے۔