فیصل آباد: 17 سال بعد فیصل آباد میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کا جوش و جذبہ محسوس کیا جا رہا ہے، جب کہ اقبال کرکٹ سٹیڈیم آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے پہلے ون ڈے میچ کی میزبانی کرے گا۔
دونوں ٹیموں نے اس تاریخی میچ سے پہلے خامیوں کو دور کرنے کے لیے بھرپور پریکٹس کی، اور سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا فوٹو سیشن بھی ہوا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قومی ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بڑا اعزاز محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں، اور بابر اعظم کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے۔
جنوبی افریقہ کے کپتان میتھیو بریٹز نے بھی اس میچ کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیصل آباد میں کرکٹ کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔ بابر اعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے میتھیو نے کہا کہ بابر ایک بڑا کھلاڑی ہے، اور ان کے خلاف جلد آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔