اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد اور امن حکومت کی ترجیح ہیں اور کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے مذاکراتی کمیٹی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے پاکستان و آزاد کشمیر کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ افواہیں اور سازشیں دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پہلے بھی کشمیری عوام کے حقوق کی محافظ تھی اور آئندہ بھی ان کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔