کراچی، مبینہ پولیس مقابلہ، ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک

کراچی، مبینہ پولیس مقابلہ، ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: دہشت گردوں نے کراچی میں مستونگ طرز پر دہشت گردی کی پلاننگ کر رکھی تھی، پولیس ذرائع۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں مارے گئے دہشت گردوں میں سے 2 مبینہ خودکش بمبار تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد، بال بیرنگز اور خودکش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک خودکش جیکٹ کا وزن 25 کلوگرام تک ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کراچی میں مستونگ طرز پر دہشت گردی کی پلاننگ کر رکھی تھی۔ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور پولیس کی بڑی کارروائی پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کی پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔