لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہلی بار "کلینک آن بوٹس" یعنی کشتیوں پر قائم ہسپتالوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام صوبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد قدم ہے، جس کا مقصد مشکل حالات میں بھی متاثرہ افراد کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
پنجاب ہیلتھ ٹیم سیلاب زدہ اضلاع میں متحرک ہے، جہاں خواتین، بچوں اور دیگر متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 968 "کلینک آن وہیلز" اور میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں، جو دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔
متاثرہ خواتین کے لیے سینٹری کٹس، ملٹی وٹامنز اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جب کہ حاملہ خواتین کے معائنے کے لیے لیڈی ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ عملہ بھی موجود ہے۔ انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال یا "مریم نواز ہیلتھ سروس" کے ذریعے منتقل کرنے کے لیے رورل ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہے۔
بچوں کی صحت کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ فلڈ کیمپوں میں روزانہ ماہر اطفال دورہ کرتے ہیں، اور نومولود بچوں کی ویکسینیشن کا بھی مکمل بندوبست کیا گیا ہے۔
کیمپوں میں جلدی بیماریوں، کیڑے کے کاٹنے، پیٹ کے امراض، ہیضہ اور ملیریا کے علاج کے لیے خصوصی میڈیکل سٹاف اور وافر مقدار میں ادویات (جیسے او آر ایس، اینٹی بائیوٹکس) مہیا کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غذائی قلت کے شکار بچوں کی اسکریننگ اور ان کے علاج کا بھی مکمل انتظام موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خود فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کر کے ان سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی متاثرہ شخص کو علاج کی سہولت سے محروم نہ رکھا جائے۔