لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنے اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ضلع اور تحصیل سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو امداد پہنچانے کے لیے آسان اور مؤثر طریقہ کار اپنایا جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ متاثرین کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا جائے گا جس کی نگرانی وہ خود کریں گی تاکہ امداد کے عمل میں شفافیت اور سرعت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع اور 64 تحصیلوں کے 3,775 موضع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس تباہ کاری میں 63 ہزار 200 پکے اور 3 لاکھ 9 ہزار 684 کچے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی فوری بحالی کی جائے گی۔ اس کام کے لیے سروے ٹیموں میں اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور آرمی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے زیادہ سے زیادہ کیمپ اور امدادی پوائنٹس قائم کیے جائیں، حکومت خود متاثرہ علاقوں تک پہنچے اور ہر متاثرہ شخص کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی فرد امداد سے محروم نہ رہے۔