اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین میں فلڈکارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کا تمام کام اپنے بجٹ سے کیا ہے اور کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا۔
انہوں نے کہا کہ جب سیلاب آتا ہے تو دیگر حکومتیں کئی سال پیسے مانگتی رہتی ہیں، لیکن پنجاب حکومت نے وقت ضائع کیے بغیر متاثرین کی مدد کی۔ "اگر حکومت کا پیسہ پنجاب کے عوام کے کام نہ آئے تو اس کا کیا فائدہ؟" انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وہ وزیراعلیٰ ہوں، کوئی بھی میلی آنکھ سے پنجاب کے عوام کو نہیں دیکھ سکتا۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ فصلوں کے نقصان کی صورت میں ہر ایکڑ کے لیے 20 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سیلاب متاثرین کو 50 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے اور باقی رقم اے ٹی ایم کے ذریعے نکلوائی جا سکے گی۔
اس بحالی کے لیے مجموعی طور پر 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور ہر ایک روپے کو عوام کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔