Get Alerts

وزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلاب متاثرین کے لیے ایک فوری اور جامع بحالی پیکیج طلب ، ہر خاندان تک مدد پہنچانے کا عزم

وزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلاب متاثرین کے لیے ایک فوری اور جامع بحالی پیکیج طلب ، ہر خاندان تک مدد پہنچانے کا عزم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے ایک فوری اور جامع بحالی پیکیج طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد، خاص طور پر کاشتکاروں، کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اربن یونٹ، بورڈ آف ریونیو اور دیگر محکموں کو ہدایت کی گئی کہ فوری بحالی اقدامات شروع کیے جائیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امدادی رقوم میں اضافہ کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد ریلیف مل سکے۔

مریم نواز نے سیلاب میں تباہ ہونے والے گھروں کی دوبارہ تعمیر کیلئے "اپنی چھت، اپنا گھر" کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گھروں کی بحالی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی اور اس عمل کی خود نگرانی کریں گی۔

ان خاندانوں کے لیے جن کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور جو واپس نہیں جا سکتے، وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں عارضی مارکیز لگانے کی ہدایت دی ہے، جہاں صاف پانی، کھانے، مرد و خواتین کے لیے الگ جگہیں اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

سیلاب زدہ کسانوں کے لیے بھی ایک خصوصی بحالی پروگرام بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی فصلوں اور کھیتی باڑی کو دوبارہ بحال کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ہمارا کسان خوشحال ہو گا تو پنجاب ترقی کرے گا۔"

بحالی پیکیج کی درست منصوبہ بندی کے لیے ایک ڈیجیٹل سروے جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کی نگرانی ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ سروے کا عمل شفاف ترین ہونا چاہیے تاکہ اصل متاثرین تک امداد پہنچے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں پر موجود تجاوزات اور غیرقانونی آبادیاں ختم کی جائیں گی، اور ان علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا جائے گا تاکہ آئندہ سیلابی خطرات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں ہر سال آنے والے سیلاب کے نقصانات کو روکنے کے لیے ایک فلڈ ماسٹر پلان کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مریم نواز نے جذباتی انداز میں کہا:"لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، ہم سکون سے کیسے بیٹھ سکتے ہیں؟ سیلاب متاثرین کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کی توقعات میرے ساتھ جڑی ہیں، اور ان پر پورا اترنا میرا فرض ہے۔"

ٹیگز: