Get Alerts

رنبیر کپور کا حیران کن صبر، بونی کپور کے مطابق 52 ری ٹیکس کے باوجود نہ کوئی شکایت

رنبیر کپور کا حیران کن صبر، بونی کپور کے مطابق 52 ری ٹیکس کے باوجود نہ کوئی شکایت

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر بونی کپور نے اداکار رنبیر کپور کی صبر و تحمل اور پروفیشنل رویے کی بے حد تعریف کی ہے۔ بونی کے مطابق رنبیر نے اپنی حالیہ فلم 'تو جھوٹی میں مکار' کے ایک سین کے لیے 52 بار ری ٹیک دیا، لیکن اس دوران کبھی بھی شکایت یا نکتہ چینی نہیں کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2023 کی رومانٹک ڈرامہ فلم 'تو جھوٹی میں مکار' میں بونی کپور نے اداکاری کا پہلا تجربہ کیا تھا اور رنبیر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر ایک انٹرویو میں انہوں نے رنبیر کی پیشہ ورانہ لگن اور برداشت کو سراہا۔

بونی کپور نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ دہلی کی شدید گرمی میں 16 گھنٹے مسلسل کی گئی، اور شیڈول میں کئی بار تبدیلیاں آئیں، لیکن رنبیر نے ایک لمحے کے لیے بھی ناخوشی ظاہر نہیں کی۔ بونی نے کہا کہ جب انہوں نے خود 13 یا 14 بار ری ٹیک دی تو وہ پریشان ہو گئے، مگر رنبیر نے حوصلہ دیا کہ جب تک ڈائریکٹر مطمئن نہ ہو، بہترین کام کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا، "رنبیر ہر بار ٹیم کے ساتھ عزت اور احترام سے پیش آتے رہے۔ ان کا صبر اور محنت واقعی قابل تحسین ہے۔"

واضح رہے کہ 'تو جھوٹی میں مکار' لو رنجن کی ہدایت کاری میں بنی تھی، جس میں شرادھا کپور مرکزی کردار میں تھیں۔ اس فلم میں بونی کپور نے بطور اداکار پہلا قدم رکھا تھا۔

رنبیر کپور حال ہی میں سندیپ ریڈی وانگا کی فلم 'اینیمل' میں نظر آئے تھے اور فی الحال سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'لو اینڈ وار' کی شوٹنگ کر رہے ہیں، جس میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ نتیش تیواری کی 'رامائن' میں بھی کام کر رہے ہیں، جہاں وہ سائی پلوی اور یش کے ساتھ نظر آئیں گے۔
 
 

ٹیگز: