Get Alerts

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.9 ریکارڈ

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.9 ریکارڈ

راولپنڈی: پاکستان کے کئی علاقوں میں زمین لرز اٹھی، جس کے نتیجے میں لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، چترال، ہری پور، جنڈ، گجرات اور دیگر اضلاع میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 111 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے پہاڑی علاقے ہندوکش میں تھا۔

زلزلے کے دوران کئی شہریوں نے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف رخ کیا۔ متعدد علاقوں میں لوگ سڑکوں اور کھلے میدانوں میں نکل آئے، جبکہ کئی مقامات پر عمارتوں کے ہلنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے کہا کہ تمام ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی حالت میں تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، تاہم اب تک کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلہ ماہرین کے مطابق ہندوکش کا علاقہ زلزلوں کے حوالے سے ایک متحرک زون ہے، اور اس سے وابستہ جھٹکے اکثر پاکستان کے مختلف علاقوں کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگز: