Get Alerts

وزیراعظم سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات، ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات، ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2026 سے 2030 کے تحت پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کے مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا ہے۔ اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دیا ہے۔ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترقی، اصلاحات اور مختلف شعبوں میں اے ڈی بی کے تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی سطح پر تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیگز: