راولپنڈی : بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، 72 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں 48 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔
مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانے تباہ کرتے ہوئے 26 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی 2 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 2026 کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں اب تک 1188 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔