راولپنڈی: ملک میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 49 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا، جبکہ آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں آپریشنز کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکہ خیز ڈرمز اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی قبضے میں لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔