راولپنڈی :خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے دو بڑی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے، آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ اس آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، جن میں 4 افغان دہشت گرد بھی شامل تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک معروف خارجی ونگ کمانڈر، عالم محسود بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز کا عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل شدت کے ساتھ جاری ہے، اور ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی طرف اہم قدم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی تعریف کی اور کہا کہ "پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔"
واضح رہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں، اور حکومت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔