پشاور: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے پانچ مختلف جھڑپوں میں بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں کی گئیں۔
باجوڑ میں ایک آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی دوران خیبر اور جنوبی وزیرستان میں دو دیگر جھڑپوں میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔