لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ قوموں کے مستقبل کا فیصلہ اب کلاس رومز اور لیبارٹریوں میں ہوتا ہے، جامعات کو محض اکیڈمک پبلیکیشنز کے بجائے نیشنل ڈویلپمنٹ امپیکٹ فیکٹر اپنانا ہوگا۔
احسن اقبال نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے کالا شاہ کاکو کیمپس کا دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے انہیں کیمپس میں جاری ترقیاتی کاموں، توسیعی منصوبوں اور تعلیمی پروگرامز پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جامعات کو قومی تھنک ٹینکس کا کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ انڈسٹری اکیڈمیا لنکیج کے ذریعے تحقیق کو تجارتی بنیادوں پر استوار کرکے ملکی معاشی ترقی کو تیز کیا جاسکتا ہے۔
احسن اقبال نے جامعات پر زور دیا کہ تحقیق کے لیے مخصوص اوقات کار کا پرانا تصور ختم کیا جائے اور دنیا کی صفِ اول کی جامعات کی طرز پر لیبارٹریاں اور لائبریریاں 24 گھنٹے کھلی رکھی جائیں۔
انہوں نے کالا شاہ کاکو کیمپس کے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی عمارت کو جی سی یو کی تاریخی عمارت کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ ادارے کی شاندار شناخت برقرار رہے۔
احسن اقبال نے طلبہ کو فیک نیوز اور پولرائزیشن کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات قومی انتشار کا باعث نہیں بننے چاہئیں۔ سیاسی پسند مختلف ہوسکتی ہے، لیکن حتمی شناخت پاکستان ہے۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جی سی یو مستقبل میں نوبل انعام یافتہ سائنسدان اور کامیاب انٹرپرینیورز پیدا کرے گا جو محض علم کے صارف نہیں بلکہ علم کے تخلیق کار ہوں گے۔