علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں نظر آنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری

علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں نظر آنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے علی حیدر گیلانی کی ووٹ کینسل کرنے کی ویڈیو میں نظر آنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی فہیم خان اور جمیل احمد کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی جس دوران سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے اپنا جواب جمع کروایا جبکہ الیکشن کمیشن نے جوابات کی نقول پی ٹی آئی کو بھجوا دی ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اپنے جواب میں نااہلی درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات غیر سنجیدہ ہیں۔
درخواست میں یوسف رضا گیلانی نے فرخ حبیب اور ملیکہ بخاری کو عادی درخواست گزار قرار دیتے ہوئے کہا کہ درخوست گزار میڈیا میں مشہوری کیلئے کمیشن کے خلاف بھی بیانات دیتے ہیں، جن ویڈیوز کی بنیاد پر کیس کیا گیا وہ غیر تصدیق شدہ ہیں، الیکشن کمیشن شواہد ریکارڈ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، درخواست میں یوسف رضا گیلانی پر کوئی براہ راست الزام نہیں ہے۔ 
تحریری جواب میں مزید کہنا تھا کہ جعلی ویڈیو کو نشر کرنا انتخابی عمل میں مداخلت کے مترادف ہے، پی ٹی آئی سے الزامات کے ٹھوس شواہد طلب کئے جائیں، وکیل کو تاحال ویڈیوز فراہم ہی نہیں کی گئیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ویڈیو میں نظر آنے والے ایم این ایز فہیم خان اور جمیل احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔