Get Alerts

طوفان "فلورس" نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں تباہی مچا دی، تائیوان میں بھی شدید بارشیں و لینڈ سلائیڈنگ

طوفان

لندن / تائی پے: طاقتور سمندری طوفان فلورس برطانیہ اور آئرلینڈ سے ٹکرا گیا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ سکاٹ لینڈ بھر میں طوفانی موسم کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ گلاسگو سے اسکاٹش جزائر کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نیو کیسل کے شمالی علاقوں میں بھی ٹرین سروس معطل ہے۔ سکاٹ لینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 144 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی 85 سے 101 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے شمالی آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور دیگر متاثرہ علاقوں کے لیے ییلو اور ایمبر ویدر وارننگز جاری کی ہیں۔ طوفان کی شدت کے باعث آرٹیکلیو میں 100 سے زائد گھروں کی بجلی بند ہو گئی، جبکہ آئرلینڈ کے مغربی اور شمال مغربی حصوں میں ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب تائیوان کے جنوبی حصوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچائی ہے۔ مختلف حادثات میں 4 افراد جان سے گئے، 77 زخمی جبکہ 3 لاپتہ ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے 5900 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تائیوان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2000 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو سال بھر کی اوسط سے بھی زیادہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں اور شہری علاقوں میں کئی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں۔

ٹیگز: