Get Alerts

ایف بی آر میں اصلاحاتی عمل سے ٹیکس کلیکشن میں بہتری خوش آئند اور قابل اطمینان ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ایف بی آر میں اصلاحاتی عمل سے ٹیکس کلیکشن میں بہتری خوش آئند اور قابل اطمینان ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس کلیکشن میں بہتری خوش آئند اور قابل اطمینان ہے، کسٹم کلیئرنس کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی عمل کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس اصلاحات اور کسٹمز نظام میں بہتری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین ایف بی آر، اٹارنی جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کو مؤثر اور مستقل بنایا جائے، جبکہ ادارہ جاتی رکاوٹوں اور سرخ فیتے کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ اصلاحاتی عمل کو پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسٹم کلیئرنس میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف وقت کی بچت ممکن ہے بلکہ غیر ضروری انسانی مداخلت کم ہو کر شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کسٹمز کے شعبے میں "ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز" اور "فیس لیس" نظام کے نفاذ کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ پہلے سے عائد ٹیکسز کے مؤثر نفاذ سے کلیکشن میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے ایف بی آر اور کسٹمز کو ہدایت کی کہ ٹیکس اصلاحات سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے آگاہی مہمات شروع کی جائیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے مالی سال 2025-26 کے پہلے ماہ، جولائی میں مقررہ ٹیکس ہدف کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔ کسٹم کلیئرنس کے نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر انکم ٹیکس گوشواروں کا آن لائن فارم اردو زبان میں بھی دستیاب کر دیا گیا ہے، جس سے 84 فیصد فائلرز کو سہولت میسر آئے گی۔

ٹیگز: