Get Alerts

ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری آنا خوش آئند ہے ،وزیراعظم شہباز شریف

 ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری آنا خوش آئند ہے ،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری آنا خوش آئند ہے، لیکن عصری تقاضوں کے مطابق نظام کی تشکیل کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معینہ مدت میں اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ اہداف کو مکمل طور پر حاصل کیا جا سکے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور ایف بی آر کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایف بی آر کی اصلاحات اور ان کے نتائج، ساتھ ہی گزشتہ مالی سال کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی انفورسمنٹ اقدامات اور اصلاحات کے نتیجے میں 2024 کی نسبت 2025 میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں 1.5 فیصد کا تاریخی اضافہ ہوا ہے، اور 2025 تک ٹیکس گوشوارے جمع کرنے والوں کی تعداد 45 لاکھ سے بڑھ کر 72 لاکھ ہو گئی۔

علاوہ ازیں، ایف بی آر کے فیس لیس کسٹمز کلیئرنس سسٹم سے ٹیکس آمدنی میں اضافہ ہوا، اور آئندہ تین ماہ میں کلیئرنس کا وقت 52 گھنٹے سے کم کر کے صرف 12 گھنٹے تک کر دیا جائے گا۔ ریٹیل سیکٹر میں بھی ٹیکس کی وصولی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، جو 2024 کے مقابلے میں 455 ارب روپے زیادہ ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں ایف بی آر کی اصلاحات کی تعریف کی اور ان کی کامیابیوں کو سراہا، لیکن ساتھ ہی مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کے سدباب اور ایف بی آر کے ڈیجیٹل ونگ کی ازسر نو تشکیل کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ اصلاحات کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہو سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس نظام کی بہتری سے نہ صرف ملکی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ بھی کم کیا جا سکے گا، جو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ٹیگز: