اسلام آباد(جاویدنور)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں محصولات میں اضافے، ٹیکس نظام میں بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر اصلاحات کے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس وصولی کی استعداد کے درست تخمینے کے لیے جامع اور سائنسی طریقہ کار وضع کرکے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت، مؤثریت اور اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاور سیکٹر کے تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور کاروباروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔