کراچی: سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کے ایک غیر رجسٹرڈ گودام سے 13 ہزار تھیلے چینی اور چاول برآمد کر لیے۔ محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز کی ٹیم نے غیر قانونی گودام کو سیل کر دیا۔
ڈی جی زاہد حسین شر نے بتایا کہ یہ گودام بیورو آف سپلائی کے رجسٹرڈ اداروں میں شامل نہیں تھا۔ اس موقع پر 4 ہزار تھیلے چینی اور 9 ہزار تھیلے چاول ضبط کیے گئے۔
سندھ حکومت ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے صوبے بھر میں سخت اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کراچی کے بازاروں میں سرکاری قیمت پر چینی کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کمشنر کراچی نے چینی کی ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی ہے، مگر بازار میں قیمت 185 سے 190 روپے کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو ہے۔