کراچی: سندھ حکومت نے چینی اور چاول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کورنگی میں ایک غیر رجسٹرڈ گودام سے 13 ہزار سے زائد تھیلے ضبط کر لیے ہیں۔
محکمہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کی مشترکہ ٹیم نے اس گودام سے 4 ہزار تھیلے چینی اور 9 ہزار تھیلے چاول برآمد کیے، جس کے بعد اس گودام کو سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر میر شاہنواز کے مطابق یہ گودام محکمہ کے رجسٹرڈ لسٹ میں شامل نہیں تھا۔ ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز، زاہد حسین شر نے کہا کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی ناجائز منافع کمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیورو آف سپلائی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے موثر مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔