اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مفت ای بائیکس دینے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ای بائیکس اور ای رکشوں پر سبسڈی کے لیے 9 ارب روپے کے فنڈز بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 40 ہزار ای بائیکس اور 1,000 ای رکشے جلد فراہم کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر مالی سال 2025-26 کے دوران 1 لاکھ 16 ہزار ای بائیکس اور 3,170 ای رکشوں پر سبسڈی دی جائے گی۔
اجلاس میں ترسیلات زر اسکیم کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 30 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی کہ اسکیم پر اسٹیٹ بینک کے تعاون سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس کا مالی تجزیہ 15 ستمبر تک ای سی سی کو پیش کیا جائے۔
علاوہ ازیں، قائداعظم یونیورسٹی کے لیے 2 ارب روپے کی بیل آؤٹ گرانٹ منظور کی گئی ہے، جبکہ یونیورسٹی کو مالی خود کفالت کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔