لاہور:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وراثتی جائیداد کے مقام سے قطع نظر جانشینی سرٹیفیکیٹ کے لیے ملک بھر کے نادرا مراکز پر درخواست جمع کروانے کی سہولت مہیا کردی ہے۔
نادرا کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اب وراثتی جائیداد چاہے کہیں بھی واقع ہو، قانونی ورثا اپنی جانشینی سرٹیفیکیٹ کی درخواست نادرا کے کسی بھی 186 جانشینی سہولت مراکز پر جمع کرا سکتے ہیں جو کہ پورے پاکستان بشمول اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔
قانونی ورثا اپنی بایومیٹرک تصدیق بھی نادرا کے کسی بھی مرکز پر کروا سکتے ہیں، علاوہ ازیں بایومیٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہے۔
پہلے جہاں جانشینی سرٹیفیکیٹ کی درخواست صرف اسی صوبے میں جمع کرائی جاتی تھی جہاں جائیداد موجود ہوتی تھی، اب نادرا نے اس عمل کو آسان بنا دیا ہے۔
نادرا ہیڈکوارٹرز نے تمام متعلقہ مراکز کو نئے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔