Get Alerts

برازیل: انڈر 15 فٹبال میچ میں طوطے کی انٹری، کھیل دو مرتبہ روکنا پڑ گیا

برازیل: انڈر 15 فٹبال میچ میں طوطے کی انٹری، کھیل دو مرتبہ روکنا پڑ گیا

ٹیریسوپولیس : برازیل میں کھیلے جانے والے انڈر 15 فٹبال مقابلے کے دوران ایک غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا، جب ایک بڑا نیلا طوطا اچانک میدان میں داخل ہوگیا اور اس کی موجودگی کے باعث ریفری کو دو بار میچ روکنا پڑا۔

فلیمینگو اور سیارا کی ٹیموں کے درمیان جاری میچ کے پہلے ہاف کے 17ویں منٹ میں طوطا اڑتے ہوئے گراؤنڈ میں پہنچا اور فلیمینگو کے ایک دفاعی کھلاڑی کے کندھے پر آ بیٹھا۔ غیر متوقع صورتحال کے باعث کھلاڑی اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور زمین پر گر پڑا۔

طوطے کی اچانک آمد نے میدان میں موجود دیگر کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا، جس کے بعد ریفری نے کھیل عارضی طور پر معطل کر دیا تاکہ صورتحال معمول پر لائی جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق یہ پرندہ تقریباً 15 منٹ تک میدان میں موجود رہا اور پھر خود ہی اڑ کر چلا گیا، جس کے بعد میچ دوبارہ شروع کردیا گیا۔

تاہم دلچسپ بات یہ رہی کہ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یہی طوطا دوبارہ گراؤنڈ میں واپس آگیا، جس کی وجہ سے ریفری کو دوسری مرتبہ بھی کھیل روکنا پڑا۔

بعد ازاں میچ بغیر کسی مزید رکاوٹ کے مکمل ہوا، جس میں سیارا نے ایک گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فلیمینگو کو 2-1 سے شکست دے دی۔

یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے طوطے کو میچ کا "غیر سرکاری سٹار" اور "یادگار کھلاڑی" قرار دیا۔

ٹیگز: