لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے کوالیفائر راؤنڈ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ 10 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک کھیلا جائے گا، تاہم میزبان ملک کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔
نئے فارمیٹ کے مطابق کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست 14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈکپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ حاصل کرے گی، جبکہ دوسرے سے چوتھے نمبر تک آنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں شرکت کریں گی، جہاں سے صرف ایک ٹیم ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
2027 کا ون ڈے ورلڈکپ 4 اکتوبر سے 11 نومبر تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جس کے میچز 12 مختلف مقامات پر ہوں گے۔
کوالیفائر ایونٹ میں دو کم رینکنگ والی مکمل رکن ٹیموں کے ساتھ ورلڈکپ لیگ ٹو کی چار بہترین ٹیمیں اور کوالیفائر پلے آف سے آنے والی چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی براہ راست ورلڈکپ رسائی بھی خطرے میں ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ٹیم کی قسمت ستمبر میں بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے نتائج سے جڑی ہوئی ہے۔