Get Alerts

اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان پر شدید فضائی بمباری

اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان پر شدید فضائی بمباری

بیروت: اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں واقع گاؤں المنصوری کو خالی کرنے کی ہدایت جاری کرنے کے بعد علاقے پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں اور حزب اللہ کی سرگرمیوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔

فوج کی جانب سے جاری بیان میں المنصوری کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی، جبکہ کہا گیا کہ علاقے میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کے خلاف فوجی آپریشن جاری ہے۔

یہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے میں پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے کسی علاقے کے لیے باقاعدہ آن لائن انخلا کا انتباہ جاری کیا ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق جون کے اختتام پر بھی المنصوری کے مکینوں پر فضائی ذریعے سے پمفلٹس گرائے گئے تھے، جن میں انہیں علاقہ چھوڑنے کی تلقین کی گئی تھی۔ اسرائیل اس علاقے کو اپنے قائم کردہ بفر زون کا حصہ قرار دیتا ہے، تاہم اس کے باوجود متعدد لبنانی کسان اپنی زرعی زمینوں اور گھروں تک آتے جاتے رہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل اٹلی کے دارالحکومت روم میں امریکا کی ثالثی سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سکیورٹی امور پر ایک اور دور کے مذاکرات منعقد ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ 26 جون کو امریکی ثالثی میں دونوں ممالک سرحدی کشیدگی میں کمی کے لیے ایک نئے سکیورٹی فریم ورک پر متفق ہوئے تھے، تاہم اسرائیل نے واضح کیا تھا کہ حزب اللہ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر جنوبی لبنان میں قائم اپنا سکیورٹی زون برقرار رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک بارودی دھماکے کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا کفر تبنیت، المنصوری اور حداتہ کے سرحدی علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کو مسمار کرنے کے دوران پیش آیا۔ تاہم اسرائیلی حکام نے تاحال اس واقعے یا جانی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔

ٹیگز: