کراچی: حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات نافذ کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان کے مطابق نئے شیڈول کے تحت ہفتہ اور اتوار کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ تعلیمی نصاب کی بروقت تکمیل کے لیے پیر سے جمعہ تک تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومتی کفایت شعاری پالیسی، وسائل کے بہتر استعمال اور انتظامی امور کو مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ نئے فیصلے کا اطلاق سندھ بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کے نام جاری کر دیے ہیں، جبکہ نتائج کا باضابطہ اعلان 6 اگست کو کیا جائے گا۔
لاہور بورڈ کے مطابق رواں سال دو لاکھ 85 ہزار 800 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن پتوکی، قصور سے تعلق رکھنے والی نجی اسکول کی طالبہ امینہ محبوب نے 1192 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔ دانش ہائی اسکول، راجن پور کے طالب علم نے 1191 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ جوہر ٹاؤن، لاہور کی طالبہ ازبا جاوید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ (بوائز) میں محمد عبداللہ 1126 نمبروں کے ساتھ پہلے، محمد بلال بیگ 1112 نمبروں کے ساتھ دوسرے اور عماد حفیظ 1109 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
فیصل آباد بورڈ میں آمنہ صلاح الدین نے 1191 نمبروں کے ساتھ پہلی، رامین فاطمہ نے 1190 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد رائف عبدالاحد نے 1189 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ (بوائز) میں محمد رائف عبدالاحد اور سائنس گروپ (گرلز) میں آمنہ صلاح الدین نمایاں رہیں، جبکہ جنرل گروپ (بوائز) میں محمد سائم علی اور جنرل گروپ (گرلز) میں انشرح نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ادھر ملتان بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نمایاں طلبہ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ کے مطابق تفصیلی نتائج 6 اگست بروز جمعرات صبح 10 بجے جاری کیے جائیں گے۔
سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتے کے روز تعطیل کا فیصلہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔ pic.twitter.com/DiuNEYNfBo
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) August 5, 2026
ملتان بورڈ میں مہرین رسول نے 1190 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ فائقہ محبوب 1188 نمبروں کے ساتھ دوسری رہیں۔ حمنہ ابراہیم، خدیجہ چوہدری اور ارسلنہ فاطمہ نے 1187 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔