سپین : پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز سے کیا، تاہم پاکستانی اسپنرز کی شاندار بولنگ کے باعث میزبان ٹیم زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکی۔
ویسٹ انڈیز کی آخری تین وکٹیں صرف 14 رنز کے اضافے پر گر گئیں اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 117 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈین اوپنر برانڈن کنگ کمر کی انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ اتر سکے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنرز ساجد خان اور علی عثمان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 75 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی طرف سے امام الحق 9 جبکہ اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 24، 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بیرون ملک مسلسل 8 ٹیسٹ شکستوں کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔ قومی ٹیم نے آخری مرتبہ 2023 میں سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔
دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔