Get Alerts

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز کا مضبوط آغاز، پانچ وکٹوں پر 239 رنز بنا لیے

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز کا مضبوط آغاز، پانچ وکٹوں پر 239 رنز بنا لیے

 ٹوباگو: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلے کے پہلے دن میزبان ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز سکور کر لیے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کے باعث میچ کا آغاز تقریباً 15 منٹ تاخیر سے ہوا۔ خراب موسم کے سبب ابتدائی سیشن بھی متاثر رہا اور صرف 9.5 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ اس دوران پاکستان کو پہلی کامیابی تیج نرائن چندرپال کی صورت میں ملی، جو 15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

کھیل بحال ہونے کے بعد پاکستانی بولرز نے بہتر ردعمل دیتے ہوئے مزید تین وکٹیں حاصل کیں۔ برینڈن کنگ 46، کیوم ہوج 10 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن نے سکور میں مسلسل اضافہ جاری رکھا۔

دن کے آخری سیشن میں محمد علی نے شائے ہوپ کو 29 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ہوپ اور جسٹن گریوز نے پانچویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے میزبان ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔ بعد ازاں خراب روشنی کے باعث امپائرز نے مقررہ وقت سے پہلے ہی پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 74 اوورز میں 239 رنز بنائے تھے جبکہ اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور دوسرے روز اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔

پاکستانی بولنگ اٹیک میں محمد علی سب سے کامیاب رہے جنہوں نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

قومی ٹیم اس میچ میں چار تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، اویس ظفر، ساجد خان اور عبید شاہ کو شامل کیا گیا، جبکہ اویس ظفر اور عبید شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو بالترتیب بابر اعظم اور محمد عباس نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں سیریز برابر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹیگز: