اپوزیشن جلسے کے نام پر کورونا مت پھیلائے ،رہنما پی ٹی آئی

اپوزیشن جلسے کے نام پر کورونا مت پھیلائے ،رہنما پی ٹی آئی
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور،وزیرآئی ٹی اور رہنما تحریک انصاف  راجہ یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج ہمارے کلچر کا حصہ بن چکا ہے ۔ شرافت کی سیاست ماضی کا حصہ بن چکی ہے ۔وہ نیو نیوز کے پروگرام جمہور میں میزبان فرید رئیس سے گفتگو کررہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ اچانک ایک دن میں سب چیزیں ٹھیک نہیں ہوتیں ۔ اپوزیشن جلسے جلوس احتجاج کرکے دیکھ لے  حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنا ۔ اگر یہ حکومت کے مینڈیٹ کو نہیں مان رہی تو پھر کرتے رہیں جلسے جلوس ۔ ہم  نے کوویڈ کی صورتحال پیدا نہیں کی ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کا ووٹ بینک ہے ۔ ن لیگ لاہور میں پاور شو کرنا چاہتی ہے لیکن پاور دکھانا سے کچھ نہیں ہوگا صرف کورونا پھیلے گا ۔ اگر اپوزیشن نے دباؤ بڑھانا ہےتو استعفے دے دیں لیکن کورونا نہ پھیلائیں ۔ اپوزیشن غریب لوگوں پر مہربانی کرے ۔ 

پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے ترجمان صدیق الفاروق نے کہا  کہ سیاست کو موجود ہ مقام پر پہنچانے میں عمران خان کا کردار ہے ۔ فردوس عاشق ہوں یا اس قسم کے اور لوگ ان کی نوکری لگی ہے کہ وہ اپوزیشن کو  برا بھلا کہیں۔ اگر پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں ملک کی خدمت کرتی تو زیادہ بہتر ہوتا ۔ بیروزگاری ،مہنگائی  آج کہاں سے کہاں چلی گئی ہے ۔ لاہور کا جلسہ اوپن ائر میں ہوگا ہم اس میں ایس او پیز پر عملدرآمد کریں گے ۔ ہمارے سامنے ایک ٹارگٹ ہے کہ حکومت کی ناکامیوں کو سامنے لائیں ا ور ہم وہ کرتے رہیں گے ۔ لاہور کے جلسے کے بعد ہمارا اگلا پروگرام اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا ۔ 

پیپلزپارٹی کے رہنما عامر حسین نے کہا کہ عمران خان  حکومت بننے کے ایک سال بعد ہی اسلام آباد میں دھرنا دینے چلے گئے تھے ۔ یہ حکومت تو ڈھائی سال پورے کرچکی ہے۔ یہ حکومت کو واضع مینڈیٹ لے کر نہیں آئی ۔حکومت بیساکھیوں کے سہارے چل رہی ہے ۔ سنگل میجارٹی نہ ہو مینڈیٹ بھی نہ ہو تو ایسے رویئے دکھائیں گے تو پھر ایسے ہی حالات ہوں گے ۔ جب حکمران تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو کہے کہ ان پر اللہ کا عذاب ہے تو ایسے نہیں ہونا چاہئے ۔ حکومت پانچ سال اپنی کرتوتوں کی وجہ سے ہی پورے کرسکتی ہے ۔ حکومت پرفارم کرے مہنگائی کم کرے بیروزگاری کم کرے اپوزیشن ناکام ہوجائے گی ۔