Get Alerts

صدر آصف علی زرداری کا تھائی لینڈ کے قومی دن پر پیغام، جنوبی صوبوں میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ ہمدردی

صدر آصف علی زرداری کا تھائی لینڈ کے قومی دن پر پیغام، جنوبی صوبوں میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ ہمدردی

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں جنوبی صوبوں میں ہونے والے تباہ کن سیلاب پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں تھائی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا میں ہونے والی شدت کو محسوس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے دوچار ہے اور اس کے سدباب کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

صدرِ مملکت نے تھائی لینڈ کے قومی دن کی مناسبت سے تھائی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک علاقائی فورمز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تھائی لینڈ کی کوششوں کی بھرپور ستائش کرتے ہیں۔ صدر زرداری نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات، تجارت اور عوامی رابطوں میں اضافہ اہم ہے تاکہ دونوں ممالک کی شراکت داری مزید مضبوط ہو سکے۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خطے میں ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستانی عوام کی طرف سے تھائی قوم کے لیے امن و خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشترکہ ترجیحات کی بنیاد پر تھائی لینڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ٹیگز: