اسلام آباد / بیجنگ: چین نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ چین دلی ہمدردی رکھتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کو یقین ہے کہ پاکستانی عوام اس قدرتی آفت پر قابو پاتے ہوئے جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود چینی سفارت خانہ مقامی چینی شہریوں کی خیریت دریافت کر رہا ہے، اور تاحال کسی چینی شہری کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق 26 جون سے جاری شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملک بھر میں اب تک 657 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔