Get Alerts

پاکستان و بھارت میں سیلاب سے تباہی، اقوامِ متحدہ اور پوپ کا اظہارِ افسوس

پاکستان و بھارت میں سیلاب سے تباہی، اقوامِ متحدہ اور پوپ کا اظہارِ افسوس

اسلام آباد/نیویارک : اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت میں حالیہ تباہ کن سیلابوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر متاثرہ ممالک مدد کی درخواست کریں تو اقوامِ متحدہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے اور متاثرہ عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں سے صورتحال خاصی خراب ہو چکی ہے، خاص طور پر خیبرپختونخوا میں جہاں صرف دو دنوں میں 323 افراد جاں بحق ہوئے۔ ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 657 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ درجنوں لوگ زخمی اور ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 2022 کے شدید سیلاب کے دوران بھی اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سندھ و بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا تھا۔

ادھر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہار دہم نے بھی پاکستان، بھارت اور نیپال میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دعا اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے لیے دعاگو ہیں جو اس قدرتی آفت سے تکلیف میں ہیں، اور ان کے اہل خانہ کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ٹیگز: