Get Alerts

وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی اہم ملاقات

وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی اہم ملاقات

اسلا م آباد : چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی سخت مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ چینی سفیر کا خیرمقدم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا، اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی سفیر نے بلوچستان میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

چینی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ اس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز اور چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں اور پراجیکٹس کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اور پاکستان چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک سپیشل پروٹیکشن یونٹ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے چینی ٹیکنالوجی اور سازوسامان پاکستان کے لیے اہم معاون ثابت ہوں گے، اور اس ضمن میں چینی سفیر کو اپنے حالیہ چین کے کامیاب دورے سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، داخلی سلامتی، سیکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، اور دونوں ممالک نے پاک چین سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، اور وزیر داخلہ نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ٹیگز: