اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے وزارتِ داخلہ میں ملاقات کی، جس میں انسدادِ منشیات، سکیورٹی تعاون اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور سرحدی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
فریقین نے منشیات کے خلاف کارروائی میں انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ اہداف کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔